گرین سگنل ملنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کا اورنج لائن ٹرین منصوبے کے روٹ کا دورہ

لاہور: سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے پنجاب حکومت کو اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تعمیر کا گرین سگنل ملنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے منصوبے کے روٹ کا دورہ کیا اور مختلف مقامات پر تعمیراتی کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب آج صبح سویرے اورنج لائن ٹرین منصوبے کے روٹ پر پہنچے، انہوں نے جین مندر کے قریب انڈر گراؤنڈ اسٹیشن کا بھی معائنہ کیا۔

پنجاب حکومت کو 31 شرائط کے ساتھ اورنج لائن منصوبے کا گرین سگنل مل گیا

اس موقع پر شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو منصوبہ جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسے مکمل کرنےکے لیے دن رات ایک کردیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ منصوبے میں تاخیر کا ازالہ محنت، عزم اور جذبے کے ساتھ کریں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اورنج لائن منصوبہ عوام کو باوقار سفری سہولیات فراہم کرےگا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ نے ایک اعشاریہ چھ ارب ڈالر مالیت کے اورنج لائن منصوبے پر لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پنجاب حکومت کو منصوبے پر کام جاری رکھنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ منصوبے میں کوئی غیر قانونی پہلو نہیں دیکھا گیا، تاہم منصوبے میں مزید شفافیت کے لیے پنجاب حکومت کو 31 شرائط کے ساتھ منصوبہ جاری رکھنے کا حکم دیا گیا۔

اورنج لائن کے مخالفین اور تحریک انصاف کو منہ کی کھانی پڑی، شہباز شریف

منصوبے کی تعمیر کی اجازت ملنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے گذشتہ روز کہا تھا کہ اورنج لائن منصوبے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر 100 فیصد عمل کریں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ان کی ٹیم کو اورنج لائن منصوبے میں تاخیر کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ منصوبے کے مخالفین اور تحریک انصاف کو منہ کی کھانا پڑی۔

(Visited 18 times, 1 visits today)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *