وزیراعظم نے عیدالفطر پر 6 چھٹیوں کی منظوری دیدی

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے عیدالفطر پر 6 چھٹیوں کی منظور ی دیدی ہے اور رواں سال 10 مئی سے 15 مئی تک تعطیلات ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق رواں سال عیدالفطر کی تعطیلات 10 مئی سے 15مئی تک ہوں گی اور اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے بھی منظوری دیدی ہے جبکہ وزارت داخلہ عید الفطر کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جلد جاری کرے گی، زیادہ چھٹیوں کا مقصد عیدکے دوران ملکی سطح پر نقل و حمل کو محدودکرنا ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں عیدالفطر پر عوام کو 6 روز کی چھٹیاں دینے کا اعلان کیا تھا اور اس حوالے سے گائیڈ لائنز بھی جاری کر دی ہیں جس کے مطابق 8 تا 16 مئی ‘گھر رہو محفوظ رہو’ کی حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

این سی او سی کے مطابق یوم علی،شب قدر،اعتکاف اور جمعتہ الوداع کیلئے گائیڈ لائنزپر عمل درآمد یکم مئی سے ہو گا، چاند رات کو مہندی، جیولری اورکپڑوں کے اسٹالز پرپابندی ہو گی، تفریحی مقامات،ان کے اردگرد موجود ہوٹل، پبلک پارکس اور شاپنگ مالز بھی 8 سے 16 مئی تک بند رہیں گے۔

عید کی چھٹیوں کے دوران بین الصوبائی، انٹر اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی ہو گی جبکہ نجی گاڑیوں، رکشوں اور ٹیکسیوں کو 50 فیصد سواریوں کے ساتھ اجازت ہو گی جبکہ صرف گلگت بلتستان کے شہریوں کو اپنے علاقوں میں جانے کی اجازت ہو گی البتہ شمالی علاقہ جات، مری، سوات، گلیات، سی ویو جانے والے راستے بند رہیں گے۔

(Visited 4 times, 1 visits today)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *